واٹس اپ اور فیس بک کے ذریعہ تشہیر پر قابو پانے کیلئے بھی ضروری اقدامات
بنگلورو،4؍اپریل (ایس او نیوز) واٹس اپ، فیس بک سمیت دیگر سوشیل میڈیا کے ذریعہ کی جانے والی انتخابی تشہیر یا غلط پیغامات روانہ کرنے کے سلسلے پر قابو پانے کیلئے الیکشن آفیسر نے ضروری اقدامات کرتے ہوئے کہا کہ 50ہزار سے زیادہ رقم ساتھ میں لے جانے پر رقم ضبط کرلی جائے گی۔شادی بیاہ، جاترا یا کسی بھی طرح کی سیاسی تقریب منعقد کرنی ہو تو پہلے ہی منظوری لینی ہوگی، اگر اس میں لاپروائی برتی گئی تو خاطیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔تعلقہ کے الیکشن آفیسر جی ایس جئے سوامی اور تحصیلدار ایس ناگراج نے تعلقہ آفس میں طلب کردہ اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی ضابطہ عمل جاری رہنے کے پیش نظر تعلقہ بھر میں 4مقامات پر چیک پوسٹ قائم کئے گئے ہیں اور سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ قومی شاہراہ انچے پالیہ، ایڈیور، چکناہلی، نڈاسالے میں چیک پوسٹ قائم کے گئے ہیں۔ ان چیک پوسٹوں میں پولیس، آبکاری اور محکمہ مالگزاری کے افسروں اور ویڈیو گرافی کا انتظام کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ 6فلائنگ اسکواڈ کام انجام دے رہے ہیں۔ 3 شفٹوں میں فی کس 8گھنٹے عملہ کام انجام دیں گے۔ کوئی بھی شخص کو اپنے گھر میں شادی بیاہ اور دیگر تقریبات کیلئے 50ہزار روپئے سے زیادہ کی رقم ساتھ میں لے جاتے وقت ضروری دستاویز بھی ساتھ رکھنا ہوگا۔ اگر غیر قانونی طور پر رقم لے جاتے ہوئے پکڑے گئے تو رقم ضبط کرلی جائے گی اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ تعلقہ میں جملہ 264 پولنگ بوتھس ہیں جن میں سے 109 جنرل، 85 حساس اور 70 حساس ترین پولنگ بوتھس کے طور پر نشاندہی کی گئی ہے۔ 21افراد کو سیکٹر آفیسر کی حیثیت سے مقرر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ووٹرس کسی بھی طرح کی افواہوں کی پروا کئے بغیر وقت پر پولنگ بوتھ پہنچیں اور بلا خوف کے اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے بارے میں الجھن پائے جانے کے سبب اس مرتبہ انتخابات کے موقع پر الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ساتھ وی وی پیاٹ نامی نئی مشین بھی رکھی جارہی ہے۔ اس مشین کے ذریعہ ووٹر اپنے ووٹ کا استعمال کرنے کے بعد خود اس بات کی گیارنٹی حاصل کرسکتے ہیں کہ ان کا ووٹ کس امیدوار کے حق میں دیا گیا ہے۔ اس لئے کسی بھی طرح کی الجھن اور پریشانی کا سامنا کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ نئے طور پر ہر ایک پولنگ بوتھ میں نصب کئے جانے والی وی وی پیاٹ مشین کے بارے میں عوامی بیداری پیدا کرنے کے مقصد سے گرام پنچایت کی حدود میں بیداری پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں۔الیکشن آفیسر نے بتایا کہ اس مرتبہ ووٹنگ مشین میں امیدوار کا نام، انتخابی نشان اور امیدوار کی تصویر بھی ڈالی گئی ہے۔ جس سے ووٹروں کو کسی بھی طرح کی الجھن کے بغیر ووٹ کا استعمال کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے بتایا کہ پرنٹنگ پریس، بینرس پرنٹنگ اور اخباروں میں اشتہار شائع کرنے سے قبل بھی متعلقہ افسروں سے منظوری لینا ضروری ہے اور اس سے متعلق دستاویز فراہم کرنے بھی ضرورت ہے۔ ووٹرس کسی بھی طرح کے لالچ اور پیسے کے بدلے ووٹ فروخت نہ کریں اور اگر کوئی امیدوار کسی طرح کا لالچ دے یا کوئی چیز تقسیم کرے تو اس کی اطلاع فوری الیکشن آفیسر کو دیں ۔ الیکشن آفیسر فوری کارروائی کریں گے اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔